ہر ماہ 5 ہزار، بغیر سفارش، بغیر رشوت ،خیبرپختونخوا میں فلاحی کارڈز کا بڑا اعلان
خیبرپختونخوا حکومت نے یتیم بچوں اور بیواؤں کی کفالت کے لیے دو اہم فلاحی پروگراموں — روشن مستقبل کارڈ اور سہارا کارڈ — کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام فلاحی ریاست کے قیام کی جانب ایک عملی قدم ہے۔
تقریب میں صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی، جبکہ وزیر اعلیٰ نے بذات خود یتیم بچوں میں روشن مستقبل کارڈ اور بیواؤں میں سہارا کارڈ تقسیم کیے۔
روشن مستقبل کارڈ:
یہ کارڈ 5 سے 16 سال کی عمر کے یتیم بچوں کو دیا جائے گا، جس کے تحت ہر بچے کو ماہانہ 5 ہزار روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں 9 ہزار یتیم بچے اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔
سہارا کارڈ:
یہ کارڈ 45 سال یا اس سے زائد عمر کی بیواؤں کو دیا جائے گا، جنہیں ہر ماہ 5 ہزار روپے امداد فراہم کی جائے گی۔ فی الوقت 15 ہزار بیوائیں اس اسکیم سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
دونوں کارڈز کے تحت مستحقین کو ہر ماہ کی 5 تاریخ کو باقاعدگی سے امداد فراہم کی جائے گی۔ عید الاضحیٰ کے پیش نظر مئی اور جون کی رقم (10 ہزار روپے) ایک ساتھ ادا کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مستحقین کا انتخاب شفاف طریقے سے کیا گیا ہے اور ان پروگراموں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ جولائی میں نئے مستحقین کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جائے گا۔
اپنے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے محکمہ سماجی بہبود کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ انصاف، میرٹ اور مساوات ریاست مدینہ کے اصول ہیں، جن پر موجودہ حکومت عمل پیرا ہے۔