پاک ایران تعلقات میں نئی جان، شہباز شریف کا تہران میں تاریخی استقبال
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر ایرانی دارالحکومت تہران پہنچ گئے، جہاں مہرآباد ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
استقبالی وفد میں ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی، تہران میں تعینات پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو، اسلام آباد میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ وزیرِ اعظم کو ہوائی اڈے پر ایرانی فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد بھی تہران پہنچا ہے، جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنے قیام کے دوران ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے سعدآباد پیلس میں ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر انہیں باضابطہ طور پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، جسے پاکستان ٹیلی ویژن براہِ راست نشر کرے گا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ، علاقائی امن، اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ایران کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال ہوگا۔
دورے کے اختتام پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی جانب سے پاکستانی وفد کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی دیا جائے گا، جس میں وزیرِ اعظم اور ان کا وفد شرکت کرے گا۔