پاکستان نے 6 مزید ایل این جی کارگو عالمی مارکیٹ منتقل کردیے
اسلام آباد: حکومت پاکستان نے اطالوی کمپنی ENI سے درآمد کیے جانے والے مزید 6 ایل این جی کارگو عالمی سپاٹ مارکیٹ میں منتقل کر دیے، جس سے اس سال موڑے گئے مجموعی کارگو کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (PLL) اور ENI کے درمیان 15 سالہ طویل المدتی معاہدہ موجود ہے، جس کے تحت ہر ماہ ایک کارگو درآمد کیا جانا ضروری ہے۔ تاہم پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق جولائی سے دسمبر 2025 کے درمیان مقررہ کارگو عالمی مارکیٹ میں بھیج دیے گئے ہیں۔
اس سے قبل 2025 کے لیے قطر سے درآمد کیے جانے والے 5 کارگو بھی مؤخر کیے جا چکے ہیں۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ حکومت نے کامیابی سے 6 مزید کارگو منتقل کیے ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق فروری 2025 سے گیس کے لائن پیک پریشر میں کوئی خاص کمی نہیں آئی، جو اب بھی 5 ارب مکعب فٹ (BCF) سے تجاوز کر رہا ہے۔ یہ مقدار نیشنل گیس ٹرانسمیشن نیٹ ورک کے لیے خطرناک حد سمجھی جاتی ہے۔