پاکستان کو دی جانے والی بیرونی امداد کا بڑا انکشاف! تفصیلات ہوش اُڑا دیں گی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان کو رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں 6 ارب ڈالر سے زائد کی بیرونی مالی معاونت حاصل ہوئی ہے، جس میں 5 ارب 92 کروڑ ڈالر قرض جبکہ 15 کروڑ 83 لاکھ ڈالر گرانٹس شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ اعداد و شمار وزارت اقتصادی امور کی جانب سے موصول ہونے والی دستاویزات میں فراہم کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے موصول ہونے والے 2.1 ارب ڈالر اس رقم کے علاوہ ہیں، جبکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کی جانب سے مجموعی طور پر 6 ارب ڈالر کے ڈپازٹس بھی رول اوور کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جولائی تا اپریل کے دوران بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے 2 ارب 97 کروڑ ڈالر، جبکہ چین، امریکہ اور دیگر ممالک سے مجموعی طور پر 37 کروڑ ڈالر قرض کی صورت میں پاکستان کو فراہم کیے گئے۔ اس کے علاوہ پاکستان نے اس عرصے میں 76 کروڑ ڈالر کا بیرونی کمرشل قرض بھی حاصل کیا۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے تحت ایک ارب 61 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے، جبکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 2 ارب 63 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔
مزید برآں، رواں مالی سال کے دوران بجٹ سپورٹ کی مد میں بھی پاکستان کو 3 ارب ڈالر سے زائد رقم فراہم کی گئی۔
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان نے موجودہ مالی سال کے دوران بیرونی مالی معاونت کا ہدف 19 ارب 39 کروڑ ڈالر مقرر کیا ہے۔