پاکستانی افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کو اب اچھی طرح اندازہ ہو چکا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمہ وقت اپنے دفاع کے لیے تیار رہتی ہیں، اب مودی سرکار پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے سو بار سوچے گی۔
یہ بات انہوں نے مظفرآباد میں بھارتی حملے میں شہید اور زخمی افراد کے لواحقین میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر گئی تھی اور صورتحال کسی بھی وقت خطرناک رخ اختیار کر سکتی تھی۔ پہلگام واقعہ افسوسناک ہے مگر بھارت نے اس کی آڑ میں پاکستان پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری کے سامنے اپنا موقف واضح کیا اور واقعے کی شفاف بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا، مگر بھارت نے یک طرفہ کارروائیاں کرتے ہوئے آزاد کشمیر اور دیگر پاکستانی علاقوں میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے جواب میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کے بجائے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے، جن میں رافیل اور مگ 29 شامل تھے۔ الفتح میزائل کے جواب نے دشمن کو سخت پیغام دیا، لیکن بھارت اپنی جارحیت سے باز نہ آیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ جوابی کارروائی کے بعد آرمی چیف نے فون پر اطلاع دی کہ بھارت جنگ بندی کے لیے تیار ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے بھرپور قوت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور 1971 کے زخموں کا حساب چکا دیا۔
تقریب کے دوران شہدا کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کو 10 سے 20 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ جو متاثرہ افراد رہ گئے ہیں، انہیں بھی جلد از جلد زر تلافی فراہم کیا جائے گا۔