سندھ طاس معاہدہ توڑا گیا تو 6 دریا پاکستان کے ہوں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

سندھ طاس معاہدہ توڑا گیا تو 6 دریا پاکستان کے ہوں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

سندھ طاس معاہدہ توڑا گیا تو 6 دریا پاکستان کے ہوں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی تو کشمیر کی آزادی کی صورت میں تمام 6 دریا پاکستان کے ہوں گے۔

الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور حالیہ جھڑپوں میں بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کو ایسا سبق سکھایا گیا ہے جو وہ کبھی نہیں بھولیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان نے دفاع میں نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی، میڈیا اور اخلاقی محاذوں پر بھی بھارت کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے رات کی تاریکی میں نہیں بلکہ کھلے عام جواب دیا، 26 اہداف کا اعلان کیا اور تمام کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے جھوٹا پروپیگنڈا کیا، بے بنیاد دعوے اور فرضی حملوں کی کہانیاں گھڑیں، لیکن دنیا نے پاکستان کی سچائی اور شفافیت کو تسلیم کیا۔ بھارتی میڈیا اور قیادت مسلسل جھوٹ بولتی رہی جبکہ پاکستان نے ایک بھی صحافی کو گرفتار نہیں کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی فضائی، زمینی اور بحری افواج نے مکمل ہم آہنگی سے کام کیا، پوری قوم متحد ہو کر بھارتی حملے کے خلاف کھڑی ہوئی اور دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا۔

سندھ طاس معاہدے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ 1960 میں عالمی ثالثی سے طے پایا تھا، لیکن اگر بھارت اس کی خلاف ورزی کرتا ہے تو کشمیر کی متنازع حیثیت کے تناظر میں پاکستان تمام دریاؤں کا حق دار ہوگا۔

غزہ کی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات نسل کشی کے مترادف ہیں، جو عالمی ضمیر پر بدنما داغ ہیں۔ انہوں نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ اپنی طاقت اور اتحاد کو بڑھائے تاکہ مظلوموں کا دفاع کیا جا سکے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان ہر شہری، مذہب اور مقدس مقام کا احترام کرتا ہے، اور بھارت کی طرح جھوٹے الزامات لگا کر سچ کو چھپا نہیں سکتا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں