بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید
بنوں میں دہشتگردوں نے نیو سبزی منڈی پولیس چوکی پر حملہ کر کے دو اہلکاروں کو شہید اور ایک کو زخمی کر دیا۔ ڈی پی او بنوں کے مطابق دہشتگردوں نے پولیس چوکی کے مرکزی دروازے کو بارودی مواد سے دھماکہ دے کر تباہ کیا، جس کے بعد اندر گھس کر پولیس اہلکاروں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ کیا گیا۔
دہشتگردوں کی فائرنگ سے آس پاس کی دکانوں کے شیشے اور سولر پلیٹیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔ ریسکیو 1122 نے بتایا کہ پولیس چوکی میں نصب بجلی کا ٹرانسفارمر کھمبے سے نیچے گر گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بنوں میں موٹر سائیکل سوار آٹھ دہشتگردوں نے پولیس چوکی دھڑے پل پر حملہ کیا تھا، جسے پولیس نے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا تھا۔