بھارتی ریاستی دہشتگردی کا ایک اور بزدلانہ حملہ، خضدار میں بچوں کی اسکول بس کو نشانہ بنایا گیا: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی ریاستی سرپرستی میں بلوچستان میں ایک اور بزدلانہ اور انسانیت سوز دہشتگرد حملہ کیا گیا ہے، جس میں خضدار کے علاقے میں اسکول جانے والے بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق3 معصوم بچوں سمیت 5افراد شہید ہوگئے جبکہ متعدد بچے زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بزدلانہ حملہ بھارت کے دہشتگرد نیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں کے ذریعے کروایا، جو کہ پاکستان کے معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت، آپریشن بنیان مرصوص میں عبرتناک شکست کے بعد، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت اور بدامنی پھیلانے کے لیے اپنے ایجنٹوں کو استعمال کر رہا ہے۔
بھارتی ریاستی دہشتگردی کا یہ مکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی حکومت کی اخلاقی پستی اور انسانیت دشمن پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔پاک افواج نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس بزدلانہ حملے کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور حملہ آوروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پاکستانی مسلح افواج، پوری قوم کی حمایت کے ساتھ، بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا ہر سطح پر قلع قمع کریں گی۔