خضدار میں اسکول بس پر خودکش حملہ، 6 بچے شہید، 38 زخمی
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زیرو پوائنٹ کے قریب اسکول بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 6 بچے جاں بحق اور 38 زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ دھماکا ایک خودکش بمبار نے اسکول بس میں خود کو اڑانے کے باعث کیا۔ حملے میں بس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ مزید تفصیلات منظر عام پر آنے پر میڈیا اور عوام کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے واقعات میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے۔ کالعدم تنظیمیں معصوم شہریوں، خاص طور پر بچوں کو نشانہ بنانے کی وارداتوں میں مصروف ہیں، تاہم سیکیورٹی اداروں نے ان کی کئی سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی خضدار اسکول بس حملے کی شدید مذمت، دہشتگردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا عزم
اسلام آباد – وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے بزدلانہ دہشتگرد حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی سرپرستی میں پنپنے والی دہشتگردی کا مکروہ چہرہ قرار دیا ہے۔وزیراعظم نے واقعے میں معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ “مجھ سمیت پوری قوم کی دعائیں اور ہمدردیاں اس ظلم کا نشانہ بننے والے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔”
وزیراعظم نے واضح کیا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا اسکول بس پر حملہ ان کی تعلیم دشمنی اور انسانیت سوز درندگی کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر بربریت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔”وزیراعظم نے زخمی بچوں کو فوری اور ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی اور متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ حملے کے ذمہ داران کی فوری شناخت کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ “ہم بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے، اور بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔”
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور حکومت، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور متحد ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی خضدار دھماکے کی شدید مذمت، معصوم بچوں پر حملہ بربریت قرار
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) – وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب اسکول بس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے واقعے میں 4 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے جاں بحق بچوں کے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید بچوں کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں، اور ہم ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، یہ انسانیت اور اخلاقیات کی تمام حدیں عبور کرنے والا بزدلانہ اقدام ہے۔ دشمن نے سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کے مستقبل پر حملہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکول بس پر حملہ دشمن کی پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، جسے ہم قومی اتحاد، ہمت اور عزم سے ناکام بنائیں گے۔ وزیر داخلہ نے ریاستی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ حملے کے ذمہ داران کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
خضدار حملہ بھارتی ریاستی دہشتگردی کا مکروہ چہرہ ہے، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند
خضدار میں معصوم بچوں کی اسکول وین پر دہشتگرد حملے کے بعد ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی ریاستی دہشتگردی کا مکروہ چہرہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں معصوم بچوں کو نشانہ بنانا ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے جو عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ بھارت اپنی اندرونی اور عالمی سطح پر ناکامیوں کو چھپانے کے لیے بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے۔ ہر محاذ پر عبرتناک شکست کے بعد اب بھارتی ایجنٹ نرم اہداف، خصوصاً بچوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔ معصوم بچوں پر حملے انسانیت کے خلاف کھلی جنگ ہیں، جس پر دنیا کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔
ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردوں، ان کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاک فوج اور پوری قوم متحد ہے، اور بھارتی دہشتگردی کو ہر سطح پر شکست دی جائے گی۔