پاکستان میں عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟
فلکیاتی ماہرین نے ذوالحج کے چاند کی متوقع رویت کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق 27 مئی کو چاند کی عمر غروب آفتاب کے وقت صرف 11 گھنٹے ہو گی، جو بصری رویت کے لیے ناکافی ہے، اس لیے امکان ہے کہ اُس روز نیا قمری مہینہ شروع نہیں ہو سکے گا۔ اس بنیاد پر ذوالقعدہ کا مہینہ 30 دن کا مکمل ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 28 مئی کو چاند کی عمر 35 گھنٹے سے زیادہ ہو جائے گی، جس کی بدولت ذوالحج کا چاند واضح طور پر نظر آنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اگر یہ پیشگوئی درست ثابت ہوئی تو پاکستان میں یکم ذوالحج 29 مئی بروز بدھ کو ہوگی، اور اس حساب سے عیدالاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔
تاہم، عید کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند دیکھنے کے بعد کرے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی فلکیاتی پیشگوئی عوام کو سفری اور دیگر تیاریاں کرنے میں آسانی فراہم کر سکتی ہے۔