پیٹرول سستا ہوگا یا مہنگا؟ فیصلہ آج رات متوقع

پیٹرول سستا ہوگا یا مہنگا؟ فیصلہ آج رات متوقع

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں ردوبدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزارت خزانہ 15 مئی کی شب اوگرا کی سفارشات کی روشنی میں نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔

رواں سال 20 جنوری کو خام تیل کی قیمت 82 ڈالر فی بیرل تھی، جو یکم مئی کو کم ہو کر 62 ڈالر تک آ گئی۔ تاہم حالیہ دنوں میں معمولی بہتری کے بعد یہ قیمت 65.76 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی اندازے یہ تھے کہ پیٹرول کی قیمت میں 2 سے 3 روپے فی لیٹر کمی ہو سکتی ہے، لیکن معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15 دنوں کے دوران خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر سے زائد کا اضافہ اور ڈالر کی قدر میں 1.37 روپے کا اضافہ ہوا ہے، اس لیے پیٹرول کی قیمت میں کمی کے بجائے معمولی اضافے کا امکان زیادہ ہے۔

یاد رہے کہ 30 اپریل کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی تھی، جب ڈالر 280.60 روپے کا تھا، جبکہ اب اس کی قیمت 281.97 روپے ہو چکی ہے۔

حتمی فیصلہ آج رات متوقع ہے اور عوام کی نظریں حکومت کے اعلان پر جمی ہوئی ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں