تاریخ گواہ رہے گی، پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا چند گھنٹوں میں جواب دیا، وزیراعظم
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ رہے گی کہ پاکستان کی بہادر افواج نے چند گھنٹوں میں بھارتی جارحیت کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے یہ بات آپریشن بنیان مرصوص کے تناظر میں پسرور چھاؤنی کے دورے کے موقع پر کہی۔
وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ بھی موجود تھے، جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ایئر چیف ظہیر احمد بابر سندھو نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، وزیراعظم کو فرنٹ لائن کی صورتحال اور کور کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے فوجی جوانوں کے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کو اپنے محافظوں پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے بھارت کے معصوم شہریوں پر حملے کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل بین الاقوامی قوانین اور اخلاقیات کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جان بوجھ کر جارحانہ اقدام کیا کیونکہ وہ حقائق پیش کرنے سے قاصر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں، اور بھارتی تکبر کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائے گا۔