نوشکی میں فائرنگ سے پنجاب کے چار شہری جاں بحق، علاقے میں سرچ آپریشن جاری
نوشکی (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے گلنگور سے چار افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ لیویز فورس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے کر نوشکی ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب سے ہے، جن میں دو کا تعلق پاکپتن اور دو کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ مقتولین کی شناخت معین ولد غلام مصطفیٰ، حذیفہ ولد محمد لطیف، عمران علی ولد مقصود احمد اور عرفان علی ولد مقصود احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
لیویز حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے چاروں افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی شواہد فائرنگ یا ممکنہ تشدد کی نشاندہی کرتے ہیں، تاہم حتمی معلومات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔
حکام نے واقعے کی وجوہات اور محرکات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں حالیہ مہینوں کے دوران پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں، مسافروں اور سرکاری ملازمین پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان واقعات کی ذمہ داری اکثر کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) قبول کرتی رہی ہے۔