اوڑھم پور جل اُٹھا، بیاس میں دھماکے! پاک فوج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا

اوڑھم پور جل اُٹھا، بیاس میں دھماکے! پاک فوج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا

بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں پاکستان نے دفاعی حکمتِ عملی کے تحت آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ کا آغاز کرتے ہوئے بھارتی سرزمین پر مؤثر اور ہدفی جوابی کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد بھارتی ایئربیسز، میزائل اسٹوریج سائٹس، اور دفاعی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے بیاس میں واقع براہموس میزائل کی اسٹوریج سائٹ کو تباہ کر دیا ہے، جہاں سے پاکستانی حدود میں حملے کیے گئے تھے۔ اس کارروائی میں اودھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور، ہلوارا، سورت گڑھ، بھٹنڈا، جموں، برنالہ، مامون اور سرسہ سمیت بھارت کی کئی اہم ایئر فیلڈز اور عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی جے ایف-17 تھنڈر طیاروں نے ہائپر سونک میزائلوں سے آدم پور میں موجود بھارتی S-400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی کامیابی سے تباہ کیا۔ یہ نظام تقریباً 1.5 بلین ڈالر مالیت کا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ، اڑی کا سپلائی ڈپو، اور پھکلیاں سیکٹر کی متعدد بھارتی پوسٹیں بھی نشانہ بنائی گئیں، جہاں دشمن کی توپوں کو خاموش کرا دیا گیا۔ ویڈیوز میں حملوں کے مناظر، دھماکے، اور آگ کے شعلے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں دفاعی نوعیت کی ہیں، جو بھارت کی حالیہ بزدلانہ جارحیت کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

قبل ازیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ بھارت نے نور خان، شورکوٹ، اور مرید بیسز کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا تھا، جنہیں پاک فضائیہ کے ایئر ڈیفنس سسٹمز نے ناکام بنا دیا۔

آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ میں ان تمام بھارتی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جن سے پاکستانی شہری علاقوں، ایئر بیسز، اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ بھارتی حملوں میں آزاد کشمیر اور پنجاب کے کئی علاقوں میں شہری املاک کو نقصان پہنچا، جس میں دو مساجد سمیت 31 افراد شہید اور 51 زخمی ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن بھارت کے جنگی جنون کے خلاف ایک فیصلہ کن پیغام ہے، اور پاکستان کسی بھی جارحیت کا موثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں