بھارت نے 12 ڈرون بھیجے، پاک فوج نے سب ناکارہ بنا دیے، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں 12 ڈرونز بھیجے، جنہیں پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہ کر دیا۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایک بار پھر دراندازی کی کوشش کی گئی، جو کہ کھلی جارحیت اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی ڈرونز لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، بہاولپور، چکوال، گھوٹکی کے علاقے میانو، اٹک، عمر کوٹ کے علاقے چھور اور کراچی کے مضافات تک بھیجے گئے۔ ان میں سے ایک ڈرون کے حملے میں لاہور کے قریب 4 فوجی جوان زخمی ہوئے، جبکہ گھوٹکی میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان پوری طرح مستعد اور الرٹ ہیں، اور دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دے رہے ہیں۔ بھارتی ڈرونز کا ملبہ مختلف علاقوں سے جمع کیا جا رہا ہے اور اس معاملے کو عالمی سطح پر بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نہ صرف لائن آف کنٹرول بلکہ پاکستان کی فضائی حدود کی بھی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے۔ دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت کی یہ کارروائیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہم ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔”
افواجِ پاکستان نے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز تباہ کر دیے
افواجِ پاکستان نے اب تک سافٹ کِل (تکنیکی حربے) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) کے ذریعے دشمن کے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مار گرائے ہیں۔یہ حملے بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کیے گئے بزدلانہ فضائی حملوں کے بعد تیز ہوئے، جن میں اس کے 5 جدید طیارے، ڈرونز، متعدد چوکیاں تباہ ہوئیں اور کئی فوجی ہلاک ہوئے۔بھارتی افواج اس ناکامی کے بعد شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کے ذریعے پاکستان کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت کو مسلسل بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا ہے، جہاں افواجِ پاکستان نے دشمن کے عزائم کو بھرپور قوت سے ناکام بنایا ہے۔ملک کے مختلف علاقوں سے تباہ شدہ اسرائیلی ڈرونز کا ملبہ اکٹھا کیا جا رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دشمن کے منصوبے خاک میں ملائے جا چکے ہیں۔افواجِ پاکستان مکمل طور پر چوکس ہیں اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔