بھارتی حملے میں پاک فوج کے افسر کا 7 سالہ بیٹا شہید
آزاد جموں و کشمیر کے علاقے دواراندی میں بھارت کی بلا اشتعال سرحدی جارحیت کا نشانہ بننے والے سات سالہ ارتضاء عباس توری، جو لیفٹیننٹ کرنل زہیر عباس توری کے صاحبزادے تھے، کی نمازِ جنازہ آج اسلام آباد میں انتہائی رقت آمیز ماحول میں ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں صدرِ مملکت جناب آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز عسکری)، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، حاضر و ریٹائرڈ افسران، فوجی جوانوں، اور شہید کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد وزیراعظم نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے شہریوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بزدلی کا شرمناک مظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بھارتی حکومت کی متکبرانہ اور جارحانہ سوچ کا عکاس ہے، جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہے۔
صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج بھارتی جارحیت کا ہر محاذ پر بھرپور اور مؤثر جواب دے رہی ہیں، اور عالمی قوانین و انسانی اصولوں کی ان کھلی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
آخر میں صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے دعا کرتے ہوئے کہا:
“اللہ تعالیٰ اس بھارتی جارحیت کے مظلوم شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے، آمین۔”