شرح سود میں ایک فیصد کمی
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی مانیٹری پالیسی کے تحت شرح سود میں ایک فیصد کمی کا اعلان کرتے ہوئے اسے 12 سے کم کر کے 11 فیصد کر دیا ہے۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کاروباری لاگت میں کمی لانا اور معیشت میں سرگرمی کو فروغ دینا ہے۔ اعلامیے کے مطابق مہنگائی کا منظرنامہ پچھلے اندازوں کے مقابلے میں بہتر ہوا ہے اور اپریل کے مہینے میں بھی مہنگائی میں کمی کا رجحان جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک نے توقع ظاہر کی ہے کہ مہنگائی آئندہ چند ماہ میں 5 سے 7 فیصد کے مقررہ ہدف کے اندر مستحکم ہو جائے گی جبکہ جون تک زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالرز تک پہنچنے کی امید ہے۔
اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ توانائی ٹیرف اور بین الاقوامی سیاسی حالات ملکی معیشت پر اثر ڈال سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں مالی سال میں اسٹیٹ بینک شرح سود میں مجموعی طور پر 10 فیصد کمی کرچکا ہے، تاہم کاروباری برادری کی جانب سے شرح سود کو سنگل ڈیجٹ پر لانے کا مطالبہ اب بھی برقرار ہے۔