جنگ مسلط کرنے کی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، کور کمانڈرز کانفرنس

جنگ مسلط کرنے کی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، کور کمانڈرز کانفرنس

جنگ مسلط کرنے کی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، کور کمانڈرز کانفرنس

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارت کے جارحانہ رویے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فورم نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، اجلاس میں پاک-بھارت کشیدگی اور خطے کی مجموعی سلامتی کا جامع جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور مکمل آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

فورم نے پہلگام واقعے کے بعد لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے تسلسل پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی فورسز کی غیر انسانی اور بلا اشتعال کارروائیاں علاقائی کشیدگی کو ہوا دے رہی ہیں، جن کا مؤثر اور مناسب جواب دیا جائے گا۔

شرکائے اجلاس نے بھارت کی جانب سے سیاسی اور فوجی مقاصد کے حصول کے لیے خود ساختہ بحران پیدا کرنے کی روش کو بھی تشویش ناک قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت اندرونی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے طے شدہ طریقہ کار کے تحت بیرونی خطرات کا ڈراما رچاتا رہا ہے، جیسا کہ 2019 میں پلوامہ واقعے کی بنیاد پر آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کیا گیا۔

کانفرنس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ پہلگام واقعہ درحقیقت پاکستان کی مغربی سرحد اور اقتصادی بحالی پر توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، کیونکہ پاکستان ان دونوں محاذوں پر فیصلہ کن ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

فورم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو سبوتاژ کرنے اور پاکستان کے قانونی آبی حقوق غضب کرنے کی کوششیں خطے کے لیے خطرناک ہیں۔ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا نہ صرف پاکستان کی 24 کروڑ آبادی کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو بھی متاثر کرے گا۔

شرکاء نے بھارت کی دہشت گرد پراکسیز کے استعمال، اور پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں بھارتی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ان اقدامات کو ریاستی سرپرستی میں کی جانے والی بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے امن و استحکام اور ترقی کے سفر کو کسی بھی اندرونی یا بیرونی جبر، جارحیت یا دہشت گردی کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا۔ بھارت کی جانب سے عدم استحکام کی دانستہ کوششوں کو قومی عزم اور واضح اقدامات کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔

آخر میں آرمی چیف نے تمام فارمیشنز اور اسٹرٹیجک فورسز کی آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں