نادرا کا بڑا اقدام! پیدائش و اموات کا اندراج اب صرف ایک ایپ پر
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ایک نئی موبائل ایپلیکیشن متعارف کروائی ہے، جس کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے پیدائش، اموات اور ازدواجی حیثیت جیسے اہم واقعات کا اندراج آسانی سے کر سکیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس ایپ کے ذریعے نادرا ریکارڈ میں شہری اپنی ازدواجی حیثیت اور خاندان میں ہونے والی پیدائش یا اموات کی تفصیلات کو بروقت اپ ڈیٹ کر سکیں گے۔
یہ اعلان نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک امپلیمنٹیشن کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں مختلف وفاقی وزارتوں، ریگولیٹری اتھارٹیز اور صوبائی محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
نادرا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد منیر افسر نے شرکاء کو قومی رجسٹریشن سسٹم میں لائی گئی جدید تبدیلیوں سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی موبائل ایپ شہریوں کو گھر بیٹھے ہی زندگی کے اہم واقعات کو آن لائن رجسٹر کرنے کی سہولت فراہم کرے گی۔
ابتدائی طور پر یہ ایپلیکیشن پنجاب میں متعارف کرائی جائے گی اور بعد ازاں ملک بھر میں اس کا دائرہ کار پھیلایا جائے گا۔