وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا سول اسپتال کوئٹہ کا ہنگامی دورہ، نوشکی حادثے کے زخمیوں کی عیادت
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول اسپتال کوئٹہ کا ہنگامی دورہ کیا اور نوشکی آتشزدگی حادثے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے متاثرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور شدید زخمیوں کو ڈاکٹرز کی سفارش پر کراچی منتقل کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے حادثے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے مکمل علاج کی یقین دہانی کروائی۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہیلی کاپٹر اور ایمبولینسز روانہ کی گئیں اور 70 سے زائد زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ صحت کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور اندرون بلوچستان تمام اضلاع میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کو صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور محکمہ صحت کے حکام نے حادثے کے بعد کیے گئے فوری اقدامات پر بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی مکمل صحت یابی تک طبی خدمات کے تسلسل کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔