پاکستانی حدود میں داخل ہونیوالا بھارتی فوجی پکڑا گیا
اسلام آباد / نئی دہلی: پاکستان رینجرز نے بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی پر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک اہلکار کو حراست میں لے لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، مذکورہ اہلکار معمول کی گشت کے دوران غلطی سے پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔
واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا جب بھارتی اہلکار سرحد عبور کر کے پاکستانی علاقے میں داخل ہوا، جس پر پاکستان رینجرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق، اس واقعے کے بعد بھارتی حکام نے اہلکار کی واپسی کے لیے پاکستان سے رابطہ کر لیا ہے اور معاملے کو سفارتی چینلز یا فلیگ میٹنگ کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ سرحدی خلاف ورزی غیر ارادی تھی۔ پاکستان کی جانب سے تاحال باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم سفارتی ذرائع کے مطابق اہلکار کی شناخت اور نیت کی تصدیق کے بعد بات چیت کا عمل آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بظاہر معمولی نوعیت کا ہے، تاہم حالیہ کشیدگی کے تناظر میں یہ حساس رخ اختیار کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ دہشت گرد حملے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہو چکے ہیں۔
بھارت اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کر رہا ہے، جبکہ پاکستان ان الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کے حالیہ اقدامات پر سخت ردعمل دینے کا عندیہ دیا ہے۔