کیا پیپلز پارٹی جیت گئی؟ کینال منصوبے پر وفاقی حکومت نے ہتھیار ڈال دیے
کراچی: ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے متنازع کینال منصوبہ واپس لینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ اس اہم پیش رفت کی وجہ پاکستان پیپلز پارٹی کا سخت مؤقف اور سندھ حکومت کا بھرپور دباؤ بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کینال کی تعمیر سے متعلق فیصلہ واپس لینے کا باضابطہ اعلان آج شام کیا جائے گا، جب کہ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان آج شام 4 بجے اسلام آباد میں ملاقات طے ہے۔ اس ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ “کینال منصوبہ خواہ کسی نے بھی بنایا ہو، سندھ حکومت اسے ہرگز منظور نہیں کرے گی۔” ان کا کہنا تھا کہ جولائی 2024 سے اس منصوبے پر کام رکا ہوا ہے اور نومبر سے ایکنک کی منظوری بھی تاخیر کا شکار ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاق کو اس منصوبے کو فوری طور پر ختم کرنا چاہیے تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ “جب منصوبے کی منظوری ہی نہیں دی گئی تو اس پر اعتراض بے معنی ہے۔” ان کا دعویٰ تھا کہ وزیراعظم، صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور نواز شریف سب اس معاملے پر ایک صفحے پر ہیں، اور وزیراعظم کی ترکیہ سے واپسی کے بعد اس مسئلے پر اہم پیش رفت متوقع تھی۔
اب تمام نظریں اسلام آباد میں ہونے والی اہم ملاقات پر جمی ہیں جہاں سندھ کی مخالفت کے بعد وفاقی حکومت کے ممکنہ یوٹرن کا رسمی اعلان متوقع ہے۔