کوئٹہ میں قیامت خیز گرمی کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
کوئٹہ: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے 18 اپریل تک کوئٹہ سمیت بلوچستان کے جنوبی اضلاع قیامت خیز گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ دن کا درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ رات کے وقت بھی موسم خاصا گرم رہے گا۔
پی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو کے دوران ممکنہ گرد آلود ہواؤں کے باعث انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گندم کی فصل کے حوالے سے موسمی حالات کے مطابق اقدامات کریں، جبکہ جانوروں کو بھی شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ آفیسران کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔