ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا چین کا دورہ، اسٹریٹیجک مذاکرات کا آغاز
راولپنڈی: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے چین کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، ایئر چیف کی بیجنگ آمد پر چینی قیادت نے ان کا استقبال کیا اور پیپلز لبریشن آرمی ایئرفورس ہیڈکوارٹر پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس دورے کے دوران ایئر چیف نے چینی وزیر دفاع ایڈمرل ڈونگ جون، پی ایل اے ایئر فورس کے کمانڈر جنرل چانگ ڈنگ کیو اور بومیٹک کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل کاؤ ژاؤ جیان سے ملاقاتیں کیں، جن میں عسکری و اسٹریٹیجک تعاون، دفاعی شراکت داری، جدید جنگی چیلنجز اور مشترکہ مشقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق، فریقین نے پاک چین فضائی افواج کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا۔ ایئر چیف نے پی ایل اے ایئر فورس کے ساتھ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشقوں کی اہمیت پر زور دیا، جس پر چینی قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ترقی کی تعریف کی۔
مزید براں، ایئر چیف نے چینی کمپنیوں کو پاکستان کے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں شرکت کی دعوت دی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون اور فوجی سازوسامان کی تیاری کو مزید فروغ ملے گا۔ ایئر چیف نے چین کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاک چین کے علاقائی شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔