تربت: مسلح افراد کا دن دیہاڑے بینک پر دھاوا، عملہ یرغمال، نقدی لوٹ لی
تربت کے علاقے ناصرآباد میں قائم یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (UBL) کی برانچ کو نامعلوم مسلح افراد نے دن دہاڑے لوٹ لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمان بینک میں داخل ہو کر عملے کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا، کیش کاؤنٹرز سے نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹیں اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا
جب بینک معمول کے مطابق کھلا ہوا تھا۔ مسلح افراد انتہائی منظم طریقے سے بینک میں داخل ہوئے، عملے کو قابو میں کیا اور چند منٹوں میں لوٹ مار مکمل کر کے موقع سے فرار ہوگئے۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے بینک کے اطراف میں ناکہ بندی کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تاحال لوٹی گئی رقم کی درست تفصیل سامنے نہیں آسکی تاہم تحقیقات جاری ہیں اور بینک کا سی سی ٹی وی ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔