جس کا بندہ لاپتہ ہو وہ ہر پل مرتا ہے ، کب تک یہ سلسلہ چلتا رہے گا ؟ اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2024 میں اسلام آباد سے لاپتہ چار افغان بھائیوں کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو 16 اپریل کو عدالت میں طلب کر لیا ہے۔ عدالت کے جسٹس محمد آصف نے اس موقع پر ریمارکس دیے کہ “جس کا عزیز لاپتہ ہوتا ہے وہ ہر پل جیتا ہے لیکن ہر پل مرتا بھی ہے۔
” سماعت کے دوران لاپتہ بیٹوں کی والدہ کمرہ عدالت میں آبدیدہ ہو گئیں اور ان کے درد کو دیکھتے ہوئے جسٹس آصف نے سوال کیا کہ “کب تک یہ سلسلہ چلتا رہے گا؟” انھوں نے مزید کہا کہ “اگر یہ معاملہ آپ یا میرے ساتھ ہو تو احساس ہوتا، لیکن آپ لوگ آ کر کہہ دیتے ہیں ہمیں کچھ نہیں معلوم، حالانکہ ہم نے بلوچستان میں بھی ایسے کیسز دیکھے ہیں
جہاں پہلے کہا گیا کہ ہمارے پاس نہیں مگر بعد میں وہیں سے افراد بازیاب ہوئے۔” عدالت نے اس کیس کی مزید تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا عندیہ دیا اور آئی جی اسلام آباد اور پنجاب کو ذاتی حیثیت میں 16 اپریل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔