پورٹ قاسم کو خطے کا تجارتی مرکز بنانیکا بڑا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی سے ملاقات کی، جس میں بندرگاہ کی کارکردگی بہتر بنانے، درپیش مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پورٹ قاسم کی ترقی اور چیلنجز پر گفتگو
ملاقات میں وزیر بحری امور نے بندرگاہ کی انفراسٹرکچر اپگریڈیشن اور آپریشنل بہتری پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کو اپنایا جائے تاکہ پورٹ قاسم کو خطے کا ایک اہم تجارتی مرکز بنایا جا سکے۔ انہوں نے بندرگاہی عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی۔
سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات
چیئرمین پورٹ قاسم نے وزیر بحری امور کو بندرگاہ کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر نے سرمایہ کاری کے فروغ اور لاجسٹکس سسٹم کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کرنے کا عندیہ دیا۔
عالمی معیار کے مطابق بندرگاہی امور کی بہتری کا فیصلہ
وزیر بحری امور نے پورٹ قاسم میں مزید سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت بندرگاہوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ ملاقات میں پورٹ قاسم کو جدید خطوط پر استوار کرنے، اقتصادی ترقی میں اس کے کردار کو مؤثر بنانے اور ماحولیاتی استحکام کو یقینی بنانے پر بھی گفتگو کی گئی۔
جامع حکمت عملی کی تشکیل پر اتفاق
ملاقات میں بندرگاہی مسائل کے حل کے لیے ایک جامع حکمت عملی مرتب کرنے پر غور کیا گیا، جس سے تجارتی حجم میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ وزیر بحری امور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارت پورٹ قاسم کے ترقیاتی منصوبوں کی بھرپور معاونت کرے گی تاکہ ملکی معیشت کو مزید استحکام حاصل ہو۔