کوئٹہ شہر میں دہشتگردوں کا حملہ متوقع، عوام کو سخت احتیاط کی ہدایت
کوئٹہ: کوئٹہ شہر میں سیکیورٹی فورسز، وکلاء، پولیس، ڈاکٹرز اور سرکاری عمارتوں پر دہشتگردوں کی جانب سے حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ایل بی این ذرائع کے مطابق، عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
کوئٹہ پولیس اور ایف سی کے جوانوں کو دوران ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایل بی این ذرائع کے مطابق، تمام ناکہ جات پر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں اور انہیں اپنے ارد گرد کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ عوام کی حفاظت اور وطن کا امن ہمارے لیے بہت قیمتی ہے۔
گشت پر مامور فورسز کو مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اگر کسی گاڑی یا موٹر سائیکل کے بارے میں تسلی نہ ہو تو فورسز کے اہلکار اپنے افسران کو آگاہ کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس اور ایف سی کے جوانوں کو دوران گشت اپنے بولٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کا استعمال لازمی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے اردگرد ہر مشکوک شخص یا گاڑی پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
مزید برآں، تمام مذہبی پیشواؤں اور علماء کرام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہمارے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے لیے خصوصی دعائیں کریں اور مساجد اور امام بارگاہوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
ایل بی این ذرائع کے مطابق، اس وقت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور انشاء اللہ دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوں گے۔