حکومت کا بڑا فیصلہ: اعلیٰ عہدیداروں پر تحائف لینے پر پابندی
وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی ملک سے اعلیٰ عہدیداروں کے لیے تحائف قبول نہیں کیے جائیں گے۔ وزیردفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی نے توشہ خانہ سے متعلق نئی سفارشات تیار کی ہیں، جن کے مطابق حکومتی عہدیداروں پر غیرملکی دوروں کے دوران تحائف لینے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ اس ضمن میں وفاقی حکومت توشہ خانہ کے قوانین میں تبدیلی کرے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ غیرملکی دوروں کے دوران تحائف لینے پر پابندی جلد عائد کر دی جائے گی تاکہ تنازعات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد تمام ممالک سے حکومتی عہدیداروں پر تحائف لینے پر باضابطہ پابندی لگائی جائے گی، اور دوست ممالک سے سرکاری سطح پر بھی تحائف نہ دینے کی درخواست کی جائے گی۔
خواجہ آصف نے اس فیصلے کو ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ “نہ تحفے ملیں گے نہ تنازعات جنم لیں گے”۔ اس کے علاوہ، جنوری 2025 میں وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نظام میں مزید شفافیت لانے کے لیے توشہ خانہ ایکٹ 2024 پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا تھا، جس کے لیے وزیراعظم نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی تھی۔