بنو ں کینٹ حملہ ؛ دہشتگردانہ حملے میں 15 شہری شہید

بنو ں کینٹ حملہ ؛ دہشت گردانہ حملے میں 15 شہری شہید اور 25 افراد زخمی

بنو ں کینٹ حملہ ؛ دہشت گردانہ حملے میں 15 شہری شہید اور 25 افراد زخمی

بنوں: افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ پر حملے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ حملے میں 15 شہری شہید اور 25 زخمی ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری دو گاڑیاں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں۔ فورسز کی جوابی کارروائی کے باعث حملہ آور گھبراہٹ کا شکار ہو گئے اور اپنی گاڑیاں دیوار سے ٹکرا بیٹھے۔

دھماکوں کے نتیجے میں قریبی مسجد اور گھروں کو نقصان پہنچا، کئی عمارتوں کی چھتیں گرنے سے شہری زخمی ہوئے۔ ڈی ایچ کیو اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر نعمان کے مطابق شہداء میں 4 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ 25 افراد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور حملے میں ملوث باقی دہشت گردوں کو قابو کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا بنوں کینٹ حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں کینٹ پر خوارج کے حملے کو ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی پزیرائی کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔انہوں نے حملے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ فتنہ خوارج پاکستان اور اس کے عوام کے دشمن ہیں، جن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فتنہ خوارج کی مکمل سرکوبی تک جنگ جاری رہے گی اور پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا بنوں کینٹ حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں کینٹ میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ خوارج دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے پر سیکیورٹی فورسز کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قوم کو اپنی بہادر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔انہوں نے حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کی۔ وزیر داخلہ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس دکھ کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں