عالمی اقتصادی فورم: وزیر خزانہ ڈیووس روانہ
وزیرخزانہ اورنگزیب ورلڈ اکنامک فورم 2025 کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس روانہ ہوگئے۔
اپنے دورے کے دوران وزیرخزانہ اورنگزیب مختلف ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے سیاسی، تجارتی اور کاروباری رہنماؤں سے بات چیت کریں گے۔
وزیر خزانہ اورنگزیب دورے کے دوران مختلف سیشنز اور مباحثوں میں شرکت کے ساتھ ساتھ پاکستان کا معاشی منظرنامہ بھی پیش کریں گے۔
فورم کے دوران ترقی پذیر معیشتوں پر عالمی قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کے بارے میں اعلیٰ سطحی بحث میں وزیر خزانہ اورنگزیب پینل لسٹ کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ وہ مالیاتی پالیسیوں اور قرضوں کی پائیداری میں تبدیلیوں کے ذریعے مضبوط اور لچکدار معیشتوں کی تعمیر کے بارے میں اپنے نقطہ نظر کی وضاحت کریں گے۔
وزیر خزانہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے منصفانہ اور منافع بخش تجارت اور سرمایہ کاری کے حصول میں نئی ٹیکنالوجیز خاص طور پر مصنوعی ذہانت اور آٹومیشن کے انقلابی اثرات پر ایک اعلی سطحی بحث میں پینل لسٹ کی حیثیت سے بھی حصہ لیں گے۔
دورے کے دوران محمد اورنگزیب پاتھ فائنڈر گروپ کے زیر اہتمام ”ڈیجیٹل پاکستان“ اور ”پاکستان میں سرمایہ کاری“ کے موضوع پر دو الگ الگ مباحثوں میں شرکت کریں گے۔
ڈبلیو ای ایف کا 55 واں سالانہ اجلاس ”اسمارٹ ٹیکنالوجیز کے دور سے آگے رہنے کیلئے تعاون“ کے موضوع کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس سالانہ اجلاس میں متعدد سربراہان مملکت و حکومت، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے رہنما شرکت کریں گے۔ فورم میں نجی شعبے، نوجوانوں کے رہنماؤں، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کے ایک ہزار سے زائد اعلیٰ سطحی نمائندے بھی شرکت کریں گے۔