ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوششیں تیز، اگلے 30گھنٹے اہم
امریکہ میں گزشتہ بائیس سال سے قید پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صیدقی نے واشنگٹن سے بذریعہ فون پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ انکی بہن کی رہائی کے کچھ امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے سینیٹر کو ایک طویل مدت سے جاری ’عافیہ رہائی مہم‘ کی کاوشوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ آئندہ تیس گھنٹے بہت اہم ہیں اور ایک چھوٹی سی امید پیدا ہوئی ہے کہ انکی بہن کو رہائی نصیب ہوجائے۔
دریں اثنا سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ چند گھنٹے باقی ہیں لہٰذا وزیر اعظم فوری طور پر امریکی صدر جوبائیڈن کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلیے فون کال کرلیں۔انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلیے رخصت ہونیوالے امریکی صدر جوبائیڈن کو کال کرکے وزیراعظم اپنا نام تاریخ میں ثبت کرلیں وگرنہ دوسری صورت میں انکا نام میر جعفر اور میر صادق جیسوں کی فہرست میں لکھا جائیگا.مشتاق احمد خان کا کہنا ہے کہ رواں تیس گھنٹوں میں واشنگٹن میں عافیہ صدیقی کی رہائی کی امید نظر آئی ہے
لہٰذا عوام دعا بھی کریں اور سوشل میڈیا پر آواز بھی اٹھائیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے آن لائن پیٹیشن پر بھی دستخط کریں۔انھوں نے آخری لمحے تک اللہ پر توکل کرتے ہوئے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوششوں کو جاری رکھنے کا عزم بھی کیا۔