بیوروکریسی کی شاہ خرچیاں، الیکٹرک گاڑیاں خریدنے کی تیاری
بیوروکریسی کی شاہ خرچیاں کم نہ ہوسکیں۔ پنجاب کے بیوروکریٹس کیلئے نئی ٹیکنالوجی کی گاڑیاں خریدنے پر غور کیا جارہا ہے۔ زرائع کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کیلیے ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیاں خریدنے پر غور جاری ہے۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے ٹرانسپورٹ ونگ کیجانب سے کام شروع کردیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی منظوری سے نئی گاڑیاں خریدی جائیںگی۔ ابتدائی سطح پر ٹرائل کیلیے چند گاڑیاں خریدی جائینگی.ہائبرڈ ماڈل میں ٹیوٹا کراس اور ہیول گاڑیاں پندرہ سو سے دوہزار سی سی خریدی جائیںگی۔ اسی طرح الیکٹرک ماڈل میں KIA -Ev 5 خریدی جائینگی.ہائبرڈ ماڈل کی گاڑی کا تخمینہ دو کروڑ پچیس لاکھ روپے لگایا گیا ہے جب کہ مکمل الیکٹرک ماڈل کی کار کا تخمینہ ایک کروڑ تیس لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز پنجاب میں اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل پیش کیا گیا۔
پنجاب اسمبلی میں عوامی نمائندگان کی تنخواہوں پر نظر ثانی پنجاب 2024ء کا بل کثرت رائے سے منظورہوگیا۔عوامی نمائندگان کی تنخواہوں پر نظرثانی پنجاب 2024ء کا بل وزیر برائے پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پیش کیا،گورنر پنجاب سے بل کی منظوری کے بعد پنجاب میں ایم پی اے کی تنخواہ 5 لاکھ روپے ہو جائیگی، سپیشل اسسٹنٹ اور مشیر کی تنخواہ سات لاکھ ہو گی، پارلیمانی سیکرٹری کی تنخواہ چھ لاکھ، صوبائی وزیر اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 10 لاکھ جب کہ ڈپٹی سپیکر کی تنخواہ آٹھ لاکھ ہوگی۔