انڈین نوجوان شطرنج میں سب سے کم عمر عالمی چیمپیئن
نابغہ روزگار شطرنج کھلاڑی، انڈیا کے گکیش دوماراجو، نے جمعرات کو چین کے ڈنگ لیرین کو سنگاپور میں ہونیوالے فائنل مقابلے میں شکست دیکر دنیا کے سب سے کم عمر عالمی شطرنج چیمپئن کا اعزاز حاصل کر لیا۔اٹھارہ سالہ گکیش دوماراجو ’تاریخ کے سب سے کم عمر عالمی چیمپئن بن گئے، عالمی شطرنج فیڈریشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسکا اعلان کیا۔ڈنگ نے ایک سنسنی خیز گیم کے آخری لمحات میں ایک بھیانک غلطی کر دی جسکے بعد فتح گکیش کے حصے میں آئی، حالاں کہ یہ مقابلہ برابر ہونے کی توقع تھی۔گکیش فتح کے بعد جذبات پر قابو نہ رکھ سکے
اور اپنے ہاتھوں میں چہرہ چھپا کر رونے لگے۔ دوسری طرف (32) سالہ ڈنگ لی رین نے اپنی غلطی کے احساس کے بعد میز پر سر رکھ دیا۔مقابلے کے مقام کے قریب موجود شائقین کے کمروں میں خوشی کے نعرے گونج اٹھے، جہاں بھارتی مداحوں کیساتھ سنگاپور میں مقیم بھارتی نژاد افراد بھی موجود تھے۔گکیش نے کم عمری میں روس کے گیری کیسپاروف کا ریکارڈ توڑ دیا، جنھوں نے بائیس سال کی عمر میں عالمی چیمپئن کا ٹائٹل جیتا تھا۔وہ 5 مرتبہ عالمی شطرنج چیمپئن رہنیوالے وشواناتھن آنند کے بعد دوسرے انڈین شہری ہیں
جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔گکیش نے چودویں گیم میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 7.5 پوائنٹس سکور کئے جب کہ ڈنگ کے پوائنٹس 6.5 رہے۔اس فتح نے انھیں کم عمری میں عالمی چیمپئن شپ کا سب سے کم عمر چیلنجر بننے کے بعد شطرنج کی دنیا کا ستارہ بنا دیا۔فتح کے بعد گکیش نے ڈنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا، انھوں نے ایک حقیقی چیمپئن کی طرح لڑائی کی۔