صدر آصف زرداری سے چینی کاروباری وفد کی ملاقات
صدر مملکت آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس میں چین کے کاروباری وفد کی ملاقات ہوئی جس میں چین کے کاروباری وفد نے ملکی شعبہ صحت کی ترقی کیلئے پاکستان میں میڈیکل سٹی کے قیام کیلیے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔آصف زرداری نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون فروغ دے نے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے عوام بالخصوص سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانا ہونگے.
آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں،چین اور پاکستان کے اہم امور پر مشترکہ مفادات اور خیالات ہیں جب کہ دونوں ممالک کے مابین کئی دہائیوں پر محیط گہری دوستی ہے۔ گوادر پورٹ کو ایک علاقائی تجارتی اور اقتصادی مرکز کے طور پر ترقی دینا میرا وژن تھا، گوادر بندرگاہ سے نہ صرف علاقائی روابط بہتر ہونگے بلکہ علاقائی تجارت اور اقتصادی تعاون کو بھی فروغ ملیگا.انھوں نے کہا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہے گا، پاکستان چین کیساتھ اقتصادی تعلقات اور کاروبار کو ترجیح دیگا،
پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ سندھ میں چینی زبان کے کورسز متعارف کرایے گئے ہیں، چینی زبان کے کورسز پاکستان اور چین کے درمیان عوامی اور ثقافتی روابط مضبوط بنانیکی جانب ایک اہم قدم ثابت ہونگے.چینی وفد نے معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔