بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کو شکست دیکر پاکستان عالمی چیمپئن بن گیا،وزیراعظم کی مبارکباد
پاکستان چوتھے بلائنڈ ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر عالمی چیمپئن بن گیا۔پاکستان کے شہر ملتان میں چوتھے بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا گیا جس میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 139 رنز بنائے اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 140 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 140 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 10.2 اوورز میں ہی پورا کرکے چوتھا بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ اپنے نام کرلیا۔بنگلہ دیش بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے عارف حسین 54 رنز بناکر نمایاں رہے،
ایم ڈی سلمان 31، عاشق الرحمٰن 22 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے بابر علی نے 2، محمد سلمان، مطیع اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔140 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے محمد صفدر اور نثار علی نے اننگز کا آغاز کیا اور بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10.2 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرکے قومی ٹیم کو چیمپئن بنوا دیا۔چوتھے بلائنڈ ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کے خلاف 6 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی بار بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے اور قومی ٹیم پورے ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہی، اس سے قبل کھیلے گئے تینوں ٹی20 ورلڈکپ بھارت نے جیتے تھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو چوتھا بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں بنگلہ دیش کو 10 وکٹ سے ہرانے پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، معذور افراد کے عالمی دن پر ٹورنامنٹ جیت کر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ہر سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے پر عزم ہے، خصوصی افراد کے کھیل کے میدان میں سہولیات کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔