پاکستان کیخلاف سوشل میڈیا کے ذریعے منظم سازش کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان
بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک میں بیٹھ کر ہمارے خلاف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے منظم سازش کی جا رہی ہے۔گرلز کالج کوئٹہ میں اسکوٹیاں تقسیم کرنیکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کیخلاف سوشل میڈیا پر سازش کی جا رہی ہے اور طلبہ نے اس جھوٹے پروپیگنڈے کو روکنا ہے کیونکہ طلبہ سمیت نئی نسل کی مدد کے بغیر یہ مقابلہ ممکن نہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج صوبے میں میرٹ پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں اور آپ آگے بڑھیں گے تو یہاں سے کرپشن کا خاتمہ کرینگے، ہم ملکر بلوچستان کو آگے لے کر جائینگے۔اسکوٹیاں تقسیم کرنے سے متعلق انھوں نے کہا کہ میں نے جو آپ سے وعدہ کیا تھا وہ ایک ہفتے میں پورا کیا، یہ سلسلہ یہاں تک نہیں بلکہ خواہش ہے کہ تمام کالجز میں فراہم کریں۔ کالج میں میڈم ناظمہ طاہر بلاک بھی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ جب تک خواتین معاشرے میں مثبت کردار ادا نہیں کرینگے یہ معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، پانچ خواتین ڈی سی صوبے میں خدمات دے رہی ہیں۔قبل ازیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کالج کی (45) طالبات میں پنک اسکوٹیز تقسیم کیں۔ تقریب میں وزیر تعلیم راحیلہ درانی، صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری اور دیگر شریک ہوئے۔