ڈیرہ غازی خان، سرحدی چوکی پر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام
پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے ایک بار پھر خوارجی دھشتگردوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے. سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دھشتگردوں کاحملہ پسپا کردیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دھشتگردوں نے رات دیر گئے اچانک حملہ کردیا، جسے پولیس نے ناکام بناتے ہوئے دھشتگردوں کو فرار ہونے پر مجبور کردیا۔ترجمان کے مطابق پچیس سے تیس خوارجی دھشتگرد لکھانی چیک پوسٹ پر چاروں طرف سے حملہ آور ہوئے تاہم پنجاب پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دئیے اور حملہ آور پسپا ہو کر فرار ہوگئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے خوارجی دھشتگردوں کی نشاندہی کی گئی، خوارجی دھشتگردوں نے راکٹ، ہینڈ گرنیڈ سمیت بھاری اسلحہ کا استعمال کیا، پولیس کے جانبازوں نے مشین اور مارٹر گنز سے فائرنگ کرکے فوری جوابی کارروائی کی، پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مل کر خوارجی دھشتگردوں کا مقابلہ کیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی نے خوارجی دھشتگردوں کو فرار پر مجبور کر دیا،
مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دھشتگردوں کو بھاری جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا جب کہ کے پی بارڈر پر تمام چیک پوسٹس پہلے سے ہائی الرٹ تھیں۔آئی جی پنجاب عثمان انور نے دھشتگردوں کا حملہ پسپا کرنے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس قبل ازیں بھی خوارجی دھشتگردوں کے کئی حملے ناکام بنا چکی ہے، دھشتگردوں کو کسی بھی صورت پنجاب میں داخل ہونے نہیں دیا جائیگا.