وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک کا فضائی دورہ کیا،وزیر داخلہ نے تینوں شہروں کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی انتظامات کا فضائی جائزہ لیا،محسن نقوی نے صوابی، پتھر گڑھ، موٹر وے پر بھی مجموعی صورتحال کا فضائی مشاہدہ کیا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق امن عامہ یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے ہیں،پولیس، ایف سی اور رینجرز کے افسر اور جوان مستعدی سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں،محسن نقوی کاکہناتھا کہ حکومت نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں،
شر پسندوں سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا،کسی کو دارلحکومت میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ بعدازاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی پولیس، ایف سی اور رینجرز جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ڈی چوک پہنچے،وزیرداخلہ نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا، محسن نقوی نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو جانفشانی سے ڈیوٹی کی ادائیگی پر شاباش دی اور فرائض سرانجام دینے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ وزیرداخلہ نے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے دن رات ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی تعریف کی،
محسن نقوی نے فرائض سرانجام دینے والے اہلکاروں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہاکہ آپ کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے،اسلام آباد پولیس،ایف سی اور رینجرز جوانوں کا مورال بہت بلند ہے،اسلام آباد پولیس،ایف سی اور رینجرز اہلکار ہمہ وقت الرٹ ہیں۔ محسن نقوی نے کہاکہ فرائض سرانجام دینے والے تمام اہلکاروں کو شاباش دیتا ہوں، قانون کی عملداری یقینی بنانے پر آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں ،آپ فرض شناسی سے قومی فریضہ نبھا رہے ہیں،ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔وفاقی سیکرٹری داخلہ،چیف کمشنر اسلام آباد،آئی جی اسلام آبادپولیس ،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی ہمراہ تھے۔