امریکا میں کانسٹیبل کی نشست پر پاکستانی نژاد امیدوار علی شیخانی کامیاب ہوگئے جب کہ ٹیکساس کی ٹیرینٹ کاؤنٹی سے ڈیموکریٹ کے امیدوار پاکستانی نژاد سلمان بھوجانی کامیاب ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق امریکا کی فورٹ بینڈ کاؤنٹی سےکانسٹیبل کے نشست پر الیکشن لڑنے والے پاکستانی نژاد امیدوار علی شیخانی کامیاب ہوگئے ہیں۔علی شیخانی نے فورٹ بینڈ کاؤنٹی سے کانسٹیبل کی نشست پر پاکستانی نژاد نیبل شائق کو شکست دی۔
علی شیخانی کون ہیں؟
علی شیخانی کے نام سے بنی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق وہ کراچی میں پیدا ہوئے لیکن ان کی زیادہ تر زندگی امریکا میں گزری اور انہوں نے امریکی ریاست ٹیکساس میں بطور پولیس افسر بھی کام کیا اور بعد ازاں انہوں نے کاروبار شروع کیا۔علی شیخانی نے محض 12 سال قبل یعنی 2012 میں شیخانی گروپ کے نام سے ادارہ بنایا، جس نے امریکی ریاست ٹیکساس سے ہی کاروبار کا آغاز کیا، جس کے بعد اس نے پاکستان میں بھی کاروبار شروع کیا۔اس وقت تک شیخانی گروپ کے تحت 40 کمپنیاں امریکا اور پاکستان میں کاروبار کر رہی ہیں جب کہ اس گروپ کے پاس 250 ریٹیل دکانوں کے آؤٹ لیٹس بھی ہیں۔
علی شیخانی کی کمپنی میں 2 ہزار ملازمین کام کر رہے ہیں اور انہوں نے گیس اسٹیشنز، پیٹرول پمپس، سولر سمیت انرجی کے دیگر ذرائع میں بھی کاروبار کر رکھا ہے۔شیخانی گروپ شاپنگ پلازہ بنانے سمیت دیگر ریئل اسٹیٹ کا کام بھی کرتا ہے جب کہ ان گروپ کے اثاثوں سے متعلق ویب سائٹ پر کوئی معلومات دستیاب نہیں۔علی شیخانی پاکستانی منظر نامے میں اگرچہ ماضی میں بھی آتے رہے ہیں، تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران انہیں کراچی میں زیادہ متحرک دیکھا گیا، خصوصی طور پر وہ کراچی کی سیاست، کاروبار، فلاحی اور ترقیاتی کاموں پر بات کرتے رہے۔