وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس
*وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی ۔وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ سال 2025 میں پاکستان کا حج کوٹہ 210 , 179 ہو گا جسے حکومت پاکستان اور نجی شعبے میں 50:50 کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا۔ حج پالیسی کے تحت 12 سال سے کم عمر بچوں کو اس سال حج کے حوالے سے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ حکومتی کوٹے کے حوالے سے کمپیوٹرآئزڈ بیلیٹنگ کی جائے گی۔
1000 نشتیں ہارڈ شپ کیسز کے لئے مختص ہوں گی۔ 300 نشستیں مزدوروں یا کم آمدنی والے ملازمین، جو کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ یا ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوٹ سے رجسٹر ہوں گے، کے لئے مقرر کی گئی ہیں ۔ روڈ ٹو مکہ کی سہولت اسلام آباد اور کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر دستیاب ہو گی۔ حج گروپ آرگنائزرز وزارت مذہبی امور کے ساتھ سروس پرووائیڈر معاہدے پر دستخط کریں گے اور خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ان آرگنائزرز کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ حجاج کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی نگرانی کے حوالے سے اس مرتبہ ناظم کا نیا عہدہ مقرر کیا گیا ہے۔ ہر 100 حجاج کے لیے ایک ناظم مقرر ہو گا۔ ان ناظمین کا انتخاب ویلفیئر اسٹاف میں سے ہی کیا جائے گا۔ کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ دوارن حج انتقال اور زخمی ہونے والوں کے لئے معاوضہ بڑھایا گیا ہے۔ انتقال کرنے والے حجاج کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ حجاج کی سہولت کے لئے ایک خصوصی حج مینجمنٹ ایپلی کیشن بنائی گئی ہے اور حجاج کی تربیت کے حوالے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
وفاقی کابینہ نے حج بیلٹنگ میں ایسے افراد کو ترجیح دینے کی ہدایت کی جو پہلی مرتبہ حج کی ادائیگی کریں گے ۔ وفاقی کابینہ نے مزید ہدایت کی کہ حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالےسے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
*وفاقی کابینہ نے وزارت منصوبہ بندی کی سفارش پر سعید اقبال، معظم احمد، مدیحہ خالد، عثمان حیدر اور محمد سجاد فاروقی کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے بورڈ میں بطور پرائیوٹ ممبران تقرری کی منظوری دے دی-
*وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ و محصولات کی سفارش پر فارن کمرشل فنانسنگ فیسیلیٹی کی لندن انٹر بینک آفرڈ ریٹ LIBOR سے سیکیورڈ اوور نائیٹ فنانسنگ ریٹ SOFR پر منتقلی کے معاہدے کی بعد از وقوع /دستخط توثیق کردی-
*وفاقی کابینہ نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی سفارش پر جموں و کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی بجٹ برائے مالی سال 2024-25 کی منظوری دے دی-
*وفاقی کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر بحری جہازوں کی درجہ بندی کی سرٹیفیکیشن کے حوالے سے ڈائرکٹوریٹ جنرل آف پورٹس اینڈ شپنگز ، کراچی اور بحریہ کلاسیفیکیشن سوسائیٹی کے درمیان معاہدے کی منظوری دے دی۔