صدر،وزیراعظم سمیت دیگرکا یوم کشمیرپر خصوصی پیغام
کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو (77) سال مکمل ہونے پر پاکستان سمیت دنیا بھرمیں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں، اس حوالے سے آصف علی زرداری،وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے پیغامات جاری کئے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر آصف علی زرداری نے کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ (27 )اکتوبر 1947 جنوبی ایشیا کی تاریخ میں سیاہ باب ہے، آج کے دن بھارت نے جموں و کشمیر پر قبضے کیلئے فوج کشی کی۔آصف زرداری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی افواج کا جبر برداشت کر رہے ہیں، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو عسکریت زدہ علاقے میں بدل دیا، ابتک ہزاروں بے گناہ کشمیری شھید ہو چکے ہیں، کشمیریوں کی قیادت پابند سلاسل ہے، میڈیا کو بڑے پیمانے پر سنسر کیا جاتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام آزادی کی جدوجہد پر قائم ہیں، ہم بھارت کے جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، دنیا اب اپنی ذمہ داری کو مزید نظر انداز نہیں کر سکتی، بھارت اقوام ِمتحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
پرائم منسٹر شہباز شریف
یوم سیاہ کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ (77 )سال قبل آج کے دن بھارت نے سری نگر پر اپنی افواج اتاریں اور جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کیا، بھارتی قابض افواج کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے گزشتہ (77) برسوں کے دوران بے شمار مشکلات کا سامنا کیا ہے۔پرائم منسٹر نے کہا کہ بھارت پانچ اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے یکے بعد دیگرے اقدامات کر رہا ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے مذموم عزائم کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانا اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنیکے انکے جمہوری حق سے محروم کرنا ہے، جابرانہ اقدامات کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی تڑپ کو کم نہیں کر سکتے۔
بلاول بھٹو زرداری
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقعے پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی،مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کرتا ہوں،مقبوضہ وادی میں بنیادی حقوق و آزادی کا مطالبہ کرنے والےعوام کی آواز کو دبانے کی بھی مذمت کرتے ہیں،پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم شدہ کشمیریوں کا حق خودارادیت ایک انسانی حق ہے،ایک بنیادی انسانی حق کو کسی بھی ظلم و جبر سے چھینا نہیں جا سکتا،عالمی برادری کشمیر کے تصفیہ طلب بحران کو حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے،قائد عوام شہیدبھٹو کا کشمیر کے لیے بے مثال وژن آج بھی مشعل راہ ہے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی عالمی سطح پر کشمیر کے لیے جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کا غیر قانونی اور انتہائی شرمناک اقدام تھا، 27 اکتوبر کو تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طور یاد رکھا جائے گا،آج کا دن مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی داستان کو بے نقاب کرنے کا دن ہے۔حق خود ارادیت مقبوضہ کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو ظلم و بربریت سے دبانے کی ہر کوشش ناکام رہی ہے، بھارت کے آئین میں تبدیلی اور جعلی انتخاب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام نے بری طرح ناکام بنا دیا ہے، پاکستانی قوم کشمیر ی عوام کی حق خود ارادیت کی تحریک کی حمایت اور ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔عالمی برادری تنازعہ کشمیر اور فلسطین کو حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے،کشمیر کی تحریک آزادی کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔