پاکستان، چین کو سالانہ 2 لاکھ سے زائد گدھوں کا گوشت،کھالیں فراہم کریگا

چین میں گدھوں کے گوشت کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر پاکستان پڑوسی ملک کو اس جانور کا گوشت اور کھالیں برآمد کریگا،.وفاقی وزارت برائے قومی تحفظ خوراک اور تحقیق کے عہدیدار ڈاکٹر اکرام نے نجی نیوز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ رواں برس کے اختتام تک پاکستان چین کو گدھوں کا گوشت اور کھالیں فراہم کریگا.ڈاکٹر اکرام نے بتایا کہ ’ابھی جو چین سے معائدے ہوئے ہیں وہ سالانہ 2 لاکھ سولہ ہزار گدھوں کی کھالوں اور گوشت کی ترسیل کے حوالے سے ہیں لیکن چینی کمپنیاں مذبح خانے کراچی پورٹ کے قریب بنانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایسا کرنا ہمارے لیے اپنی فوڈ سکیورٹی کی وجہ سے ممکن نہیں کیونکہ اگر شہر کے اندر مذبح خانے بنائے تو لوکل مارکیٹ میں بھی وہ گوشت پہنچ سکتا ہے

اس لئے ایسی کسی درخواست کو منظور نہیں کر رہے۔ ہم کراچی سے باہر تجارتی پورٹ پر مذبح خانے بنانے کو ترجیح دینگے.اس سے قبل جولائی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس کو ایک بریفنگ میں سیکریٹری تجارت نے کہا تھا کہ ’گدھوں کی ایکسپورٹ پر کوئی پابندی نہیں ہے، جب کہ پاکستان میں گدھے کی فارمنگ بھی کی جاتی ہے۔سیکریٹری تجارت نے کمیٹی کو بتایا تھا کہ چین کے ساتھ گدھوں کی کھال پر بات طے پا گئی ہے البتہ گدھوں کے گوشت پر بات ہو رہی ہے۔ڈاکٹر اکرام نے بتایا کہ ’ چین کو کھال اور گوشت برآمد کرنے کیلیے گوادر میں مذبح خانوں کی تعمیر کی جا رہی ہے، جو سب سے زیادہ محفوظ رہینگے کیوں کہ وہاں سے لوکل مارکیٹ متاثر نہیں ہو گی .مذبح خانوں میں گدھوں کو ذبح کرنیکی گنجائش سے متعلق سوال پر انھوں نے بتایا کہ ’یہ بڑا مذبح خانہ ہے، جو خصوصی طور پر اسی مقصد کے لئے بنایا جا رہا ہے۔ یہاں سالانہ 2 لاکھ 16 ہزار گدھے ذبح کرنے کی گنجائش ہو گی اور اتنے ہی گدھوں کا گوشت چین بھیجا جائے گا-

ذرائع کے مطابق ’چینی گدھے کے گوشت سے بنے ہوئے برگر کھاتے ہیں۔ یہ برگر ان کے شمالی صوبے ہیبی کی خاص سوغات ہے۔ چین کے ہر شہر میں اس صوبے کے کھانوں کے ماہر ریستوران اپنے گاہکوں کو فخریہ یہ سوغات کھلاتے ہیں۔ ایسے ریستورانوں کی بیرونی دیواروں پر گدھے کی تصاویر بنی ہوئی ہوتی ہیں، جو دور سے ہی دیکھنے والوں کو وہاں گدھے کے گوشت کی دستیابی کی اطلاع دیتی ہیں۔چین میں گدھے کی کھال دوائیاں بنانے میں استعمال کی جاتی ہے .تحریم عظیم کے مطابق ’چینی گدھے کی جلد سے حاصل ہونے والے کولیجن کو روایتی ادویات میں بھی استعمال کرتے ہیں۔ایسی ہی ایک دوا کا نام ای چیاؤ ہے جسے چینی بہت سی بیماریوں کے علاج کے طور پر استعمال کرتے ہیں، جن میں خون کے بہاؤ کو درست کرنا، نیند کی کمی دور کرنا اور خشک کھانسی کا علاج وغیرہ شامل ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں