پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین، میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری گلوبل سمپوزیم فار ریگولیٹرز (GSR-25) میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے نے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) کے ٹیلی کمیونیکیشن ڈیولپمنٹ بیورو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کوسمس لکسن زاوازاوا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پی ٹی اے اور آئی ٹی یو کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور ڈیجیٹل ریگولیشن کے شعبے میں مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے عالمی ریگولیٹری نظام میں مؤثر اور جامع اصلاحات کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
یاد رہے کہ جی ایس آر-25 آئی ٹی یو کے زیر اہتمام “پائیدار ڈیجیٹل ترقی کے لیے ریگولیشن” کے موضوع پر منعقد ہو رہا ہے، جس میں دنیا بھر کے ریگولیٹرز شرکت کر رہے ہیں۔ اس عالمی فورم کا مقصد ڈیجیٹل معیشت میں بہتر ریگولیٹری حکمت عملیوں کے ذریعے ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔