بھارت نے ایک بار پھر دریائے چناب میں بغیر اطلاع 8 لاکھ کیوسک پانی چھوڑ دیا ہے جس سے پنجاب کے ہیڈ مرالہ کے مقام پر بڑے سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے، تاہم اس کی باضابطہ اطلاع پاکستان کو نہیں دی گئی۔ ایریگیشن حکام کا کہنا ہے کہ سلال ڈیم سے چھوڑا گیا سیلابی ریلا جلد پاکستان پہنچے گا۔ چند روز قبل بھی بھارت کی جانب سے 9 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا تھا جس نے تباہی مچائی تھی۔
پنجاب کے بڑے دریاؤں راوی، چناب اور ستلج میں پہلے ہی سیلابی صورتحال سنگین ہے۔ ہزاروں دیہات زیرِ آب آچکے ہیں، سیکڑوں مویشی ہلاک ہو گئے اور کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں جبکہ مختلف حادثات میں اب تک 38 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے بعد لاہور کے شاہدرہ اور مضافاتی علاقوں میں بھی پانی داخل ہو گیا جس سے بھاری مالی نقصان ہوا۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے ستلج کے ہریکے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری ہوا ہے، تاہم دریائے چناب یا دیگر دریاؤں کے حوالے سے باضابطہ اطلاع تاحال نہیں ملی۔ سلال ڈیم کے اسپیل ویز کھولنے کے بارے میں بھی کوئی آفیشل معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
پی ڈی ایم اے، ارسا اور محکمہ آبپاشی دریاؤں کی صورتحال پر 24 گھنٹے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔