وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو آج 31 اگست سے باضابطہ طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 1971 میں قائم ہونے والا یہ ادارہ ملکی معیشت میں نمایاں خدمات انجام دیتا رہا، تاہم گزشتہ کئی برسوں سے شدید مالی بحران کا شکار تھا۔ ان کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کو ہر ماہ تقریباً 60 کروڑ روپے کا خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا تھا، جسے کنٹرول کرنے کی تمام تر کوششیں ناکام رہیں۔
وزیر نے کہا کہ ادارے کے کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کیا جا رہا ہے لیکن انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر ملازمین کے مالی تحفظ کے لیے 28 ارب روپے کا خصوصی پیکج منظور کیا گیا ہے۔
طارق فضل چوہدری کے مطابق وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے چار سے زائد اجلاسوں کے بعد یہ پیکج تیار کیا، تاکہ ملازمین کو سہارا دیا جا سکے۔