اویس لغاری کی شاندار کارکردگی، وزیراعظم کی جانب سے خصوصی شاباش اور خط
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کو توانائی سیکٹر میں شاندار اصلاحات اور کارکردگی پر سراہا ہے۔ وزیراعظم نے اویس لغاری کے نام خصوصی خط بھی لکھا جس میں ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے مزید محنت کی توقع ظاہر کی گئی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اویس لغاری نے 780 ارب روپے کے گردشی قرضے کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 35 آئی پی پیز کے ساتھ پرانے معاہدوں کے خاتمے اور نئے معاہدوں میں اصلاحات کی کوششیں کیں، جن کی بدولت ملک کو 3 کھرب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔
وزیراعظم نے لکھا کہ 6 آئی پی پیز سے مکمل طور پر معاہدے ختم کیے گئے جبکہ 8 روپے 35 پیسے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں کمی سے صارفین کو تاریخی ریلیف فراہم کیا گیا۔
آخر میں وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اویس لغاری اور ان کی ٹیم آئندہ بھی اسی جذبے سے کام جاری رکھے گی، جس سے نہ صرف توانائی کے شعبے میں بہتری آئے گی بلکہ معاشی صورتحال میں بھی نمایاں استحکام پیدا ہوگا۔