پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے کینیڈین ہائی کمشنر نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے مائننگ، زراعت، آئی ٹی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
کینیڈین ہائی کمشنر نے بتایا کہ کینیڈا آئندہ مہینوں میں تین بڑے بین الاقوامی ایکسپوز منعقد کرے گا جن میں مائننگ، زراعت اور آئی ٹی سیکٹرز شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی مارکیٹس میں تجارتی مواقع تیزی سے بڑھ رہے ہیں جن میں پاکستان کے لیے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان فوڈ اینڈ ایگریکلچر ایکسپو 2025 میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ
“پاکستان حلال مصنوعات، فوڈ ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے فروغ میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے۔”
دونوں فریقین نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، ای کامرس، آئی ٹی ایکسپورٹس، قابلِ تجدید توانائی اور ایس ایم ای ڈیولپمنٹ میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
کینیڈین ہائی کمشنر نے پاکستان کی تجارتی پالیسیوں اور صنعتی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ
“کینیڈا میں مقیم تین لاکھ سے زائد پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا ایک مضبوط پل ہے۔”
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
 
			