باجوڑ میں دراندازی کی کوشش ناکام، امجد عرف مزاحم سمیت 4 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر امجد عرف مزاحم سمیت چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ مارے جانے والوں میں امجد عرف مزاحم شامل تھا جو خارجی رہنما نور ولی کا نائب اور فتنہ الخوارج نامی تنظیم کی رہبری شوریٰ کا سربراہ تھا۔ اُس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ امجد عرف مزاحم طویل عرصے سے افغانستان میں روپوش تھا اور وہاں سے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث رہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان سرزمین بارہا پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، خاص طور پر باجوڑ اور مہمند کے علاقوں میں دراندازی کی کوششیں جاری ہیں۔

پاک فوج نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

ترجمان کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن علاقے میں جاری ہے اور “عزمِ استحکام” کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.