کوئٹہ: خروٹ آباد میں 19 سالہ لڑکی کا والد پر سنگین الزام، مقدمہ درج
خروٹ آباد کے علاقے میں ایک افسوسناک اور انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک 19 سالہ لڑکی نے اپنے 70 سالہ والد پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کرتے ہوئے تھانہ خروٹ آباد میں باقاعدہ مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
پولیس کے مطابق، متاثرہ لڑکی خود تھانے پہنچی اور ابتدائی بیان میں واقعے کی تفصیلات فراہم کیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ سچائی کے تعین کے لیے لڑکی اور اس کے والد، دونوں کے ڈی این اے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں، جنہیں مزید فرانزک جانچ کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حقائق سامنے آنے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ معاملہ انتہائی حساس ہے، لہٰذا قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے اور تفتیش مکمل ہونے کا انتظار کیا جائے۔